نئی دہلی، 11/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)اکشے لاکڑا کو دہلی یوتھ کانگریس کے نئے صدر کے طور پر تقرری نامہ مل گیا ہے۔ اس موقع پر دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دیویندر یادو نے کہا کہ اکشے لاکڑا کی شاندار کامیابی قابل تعریف ہے، کیونکہ انہوں نے 87495 ووٹ حاصل کیے اور 38149 ووٹوں کے بڑے فرق سے جیت درج کی، جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔
واضح رہے کہ قومی یوتھ کانگریس صدر اودے بھانو چب کے ذریعہ رسمی طور پر اکشے لاکڑا کو دہلی یوتھ کانگریس صدر عہدہ کے لیے تقرری 9 دسمبر کو پیش کیا گیا۔ اکشے لاکڑا نے دہلی پردیش یوتھ کانگریس کے صدر کا عہدہ سنبھال بھی لیا ہے۔ اس طرح دہلی یوتھ کانگریس کو منظم و متحد ہو کر چلنے والی ایک نوجوان شخصیت کا ساتھ حاصل ہو گیا ہے۔
دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے اکشے لاکڑا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اکشے لاکڑا نے اسٹوڈنٹ لائف سے سیاست کی شروعات کر کے دہلی یونیورسٹی طلبا یونین کی سیاست مین سرگرم کردار ادا کیا۔ وہاں اپنی ذمہ داری نبھانے کے بعد فعال طور پر دہلی پردیش این ایس یو آئی کے صدر عہدہ پر 21-2016 تک رہ کر ایمانداری کے ساتھ کام کیا۔ دیویندر یادو نے مزید کہا کہ نوجوانوں میں پہچان بنانے کی وجہ سے ہی اکشے لاکڑا کو دہلی پردیش یوتھ کانگریس کے صدر عہدہ پر جیت ملی ہے اور ان کی ٹیم تشکیل پانے کے بعد آئندہ اسمبلی انتخاب میں کانگریس پارٹی کو ایک نئی مضبوطی ملے گی۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ دہلی کا یوتھ کانگریس اکشے لاکڑا کی صدارت میں نئی اونچائیوں کو چھوئے گا اور کانگریس پارٹی کی پالیسی و نظریات کو آگے بڑھانے کا کام کرے گا۔